مقبوضہ کشمیر : بھارتی کیمپ پر حملہ، اہلکار سمیت 3 ہلاک، متعدد زخمی ، اخوان المسلمون کے کارکنوں کی سزائے موت کے خلاف پر امن احتجاج
سری نگر (اے پی پی+کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر حملے کے دوران ایک اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔ مرنیوالوں میں چھینی جانے والی گاڑی کا ڈرائیور اور ایک مسافر بھی شامل ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے تینوں حملہ آورں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقے جنگلوٹ میں ہونے والے حملے میں جیت رام نامی ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ حملہ آور ایک گاڑی بھی چھین کر لے گئے تاہم فوج نے تعاقب کرکے حملہ آوروں کو گھیر لیا۔ دریںاثناء ضلع راجوری میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کشی کی کوشش کی۔بھارتی فوج کے ایک افسر کے مطابق خود کشی کی کوشش کرنے والے اہلکار دھرم ویر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیاہے۔ ادھر بھارتی پولیس نے شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اورمحمد یوسف نقاش سمیت متعدد حریت رہنمائوںکو تھانوں اور گھروں میں نظر بند کر دیا۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی کی اپیل کو مصر میں اخوان کے مرشد عام محمد بدیعسمیت 529 افراد کے سزائے موت سنائے جانے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں پر امن احتجاج کیا گیا ۔ علی گیلانی نے کہا کہ جنرل السیسی براہ راست طور پر یہودیوں کے ایجنٹ ہیں۔