• news

لاہور ہائیکورٹ نے یو ٹیوب سے گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دیدیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمن کو یو ٹیوب سے گستاخانہ مواد ہٹانے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت نے گیارہ صفحات پر مشتمل ابتدائی فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یو ٹیوب کو کھولنے اور گستاخانہ مواد ہٹانے کے حوالے سے تکنیکی افراد کے ساتھ مل کر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر انوشہ رحمٰن کی سربراہی میں لاہور یا اسلام آباد میں اجلاس کر کے سفارشات مرتب کی جائیں۔ فیصلے میں کہا گیا آئندہ سماعت سے قبل اجلاس کے تمام نکات کو ریکارڈ پر لایا جائے۔ عدالت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پابند کیا آئندہ سماعت سے قبل اجلاس کی کارروائی مرتب کی گئی سفارشات پر مبنی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن