کوئٹہ : تھانے کے قریب دھماکہ ‘ بچی جاں بحق ‘ 18 افراد زخمی ‘ پسنی میں راڈار پوسٹ پر حملہ‘ اہلکار مارا گیا
کوئٹہ + گوادر (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سریاب میں تھانے کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے نزدیک بم دھماکہ سے ایک بچی جاں بحق اور 2 ایف سی اہلکاروں، خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد شدید زخمی ہوگئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ پسنی میں سول ایوی ایشن کی راڈار پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ کوئٹہ میں دھماکے سے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، دہشت گردوں کا ہدف ایف سی اہلکاروں کی گاڑی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو انکے عزائم میں کبھی کامیاب نہیںہونے دینگے۔ حکومت عوام کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہفتے کے روز کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ گاہی خان چوک کے قریب سکیورٹی فورسز کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اچانک ایک زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچی فائزہ بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ ایس ایس پی آپریشن نے میڈیا کو بتایا دھماکے میں 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جو ہوٹل کے قریب موجود ایک ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا جس کی وجہ سے عام افراد کو زیادہ نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جن کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔ واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق بم کو اسوقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا جب ایف سی کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی اور دہشت گردوں کا ہدف ایف سی اہلکار تھے۔ آئی این پی کے مطابق دھماکے سے سریاب تھانے کے قریب ہوٹل اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔ صدر، وزیراعظم، شہبازشریف، عمران، بلاول، زرداری، شجاعت حسین، منور حسن اور دیگر نے بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ ادھر بلوچستان کے علاقے پسنی میں سول ایوی ایشن کے راڈار پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک اہلکار جاں بحق ٗ ایک زخمی ہو گیا۔ مسلح افراد نے راڈار پوسٹ پر تعینات اہلکار کو یرغمال بنا لیا تھا۔ جوابی کارروائی پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ راڈار پوسٹ یورپ اور خلیج سے آنے والی فضائی ٹریفک کو کنٹرول کرتا ہے۔ پسنی ائرپورٹ سے 17کلومیٹر دور راڈار پوسٹ پر جدید ہتھیاروں سے لیس 20 سے 25 شدت پسندوں نے حملہ کیا۔ ڈی آئی جی معظم جاہ کے مطابق ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکارجاں بحق ہوگیا جبکہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ حملہ آور پوسٹ پر قبضہ کرنے میں ناکام رہے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، راڈار محفوظ رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے یہ 2 ماہ کے دوران دوسرا حملہ ہے اس سے قبل حملے میں مسلح افراد گارڈز کو بھی ساتھ لے گئے تھے۔آئی این پی کے مطابق حملہ آوروں نے جاتے وقت آس پاس بم نصب کر دئے انہیں بعد میں سکیورٹی اہلکاروں نے ناکارہ بنا دیا۔