• news

پنجاب کی معیشت کو خود انحصاری کے راستے پر گامزن کر دیا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر)  وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، کفایت شعاری اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنا کر پنجاب کی معیشت کو خود انحصاری کے راستے پر گامزن کیا ہے۔ تمام تر وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر نہایت شفاف انداز میں صرف کئے جارہے ہیں۔  صوبے بھر میں تعلیم،  صحت،  انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں میگا  پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں جن سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ غریب طبقات کی فلاح اور غریب گھرانوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ عوام کی تکالیف کے ازالے،  انکے مسائل کے حل اورعوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے۔  پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اتریگی اوران سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں سے گفتگو میں کیا۔ شہبازشریف کہا صوبے میں میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے اورکرپشن کے خاتمے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں ۔کرپٹ نظام اور کرپشن ملک کی ترقی میں بڑ ی رکاوٹ ہے ۔کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ پنجاب میں تمام ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے گئے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، دانش سکول، انفراسٹرکچرکے منصوبے اور میٹروبس سروس شفافیت، معیار اورعوامی خدمت کے بے مثال منصوبے ہیں۔ تعلیم کے شعبہ میں ایسی اصلاحات اوراقدامات کئے گئے ہیںکہ اب پنجاب کا کوئی ذہین اورباصلاحیت بچہ محض مالی مشکلا ت کی وجہ سے اعلیٰ اورمعیاری تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے چین کے سابق سفیر مسٹر زانگ چن زیانگ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خیرسگالی کی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ سے دوستی اور تعاون کے قریبی تعلقات موجود ہیں چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور گہرا دوست ہے جس نے آزمائش کے ہر گھڑی میں پاکستان کی مدد کی۔ وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی اعجاز رضوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن