سکیورٹی خدشات‘ مزار قائدؒ کے گرد سڑکوں کی بندش سے بدترین ٹریفک جام‘ کراچی کی اکثر سڑکیں بدستور بند
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) سیکورٹی خدشات کے باعث بابائے قوم محمد علی جناحؒ کے مزار کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کردی ہیں جس کی وجہ سے مزار قائد کے چاروں اطراف بد ترین ٹریفک جام رہا۔ مزار کے اطراف میں پارکنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور مزار میں داخل ہونیوالوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ مزار قائد کو درپیش سیکورٹی خدشات اپنی جگہ لیکن کراچی میں سیکورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرنا معمول بن چکا ہے۔ رات کے وقت سینٹرل جیل کراچی کو درپیش سکیورٹی خدشات کی وجہ سے جیل روڈ کو بند کردیا جاتا ہے۔ اکثر اوقات سی ایم ہائوس کی طرف جانے والی سڑکیں بھی بند کردی جاتی ہیں ۔ بلاول ہائوس کی طرف جانے والی سڑک کا ایک حصہ تاحال بند ہے حکومت حساس مقامات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی بجائے سڑکیں بند کردیتی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔