• news

بھارت نے پاکستان کی جونیئر سنوکر ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت نے پاکستان کی جونیئر سنوکر ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد پاکستان کی چار رکنی قومی ٹیم 4 اپریل سے 10 اپریل تک بھارتی شہر اندور میں ہونے والی ایشین جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ قومی جونیر حسین ماجد علی‘ حمزہ اکبر‘ حارث ندیم اور عامر طارق پر مشتمل چار رکنی ٹیم سابق عالمی چیمپئن محمد یوسف کی زیرنگرانی اسلام آباد میں زیر تربیت ہے۔ جب یہ خبر کیمپ میں پہنچی تو جونیئر کھلاڑیوں میں سخت مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے بھارتی حکومت کی جانب سے قومی جونیئر ٹیم کو ویزا نہ دیئے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کے کوائف بروقت انڈین بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کو بھجوا دیئے تھے۔ فیڈریشن نے وزارت کھیل‘ داخلہ اور خارجہ کے توسط سے انہیں بھارتی حکومت کو بھجوائے مگر بھارتی حکومت نے پاکستانی کھلاڑیوںکو این او سی جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو بھارتی ہائی کمیشن نے ویزے دینے سے انکار کر دیا۔ عالمگیر شیخ نے کہا کہ بھارتی حکومت کی روایتی ہٹ دھرم پالیسی کے ایک بار پھر شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ”نوائے وقت“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم‘ وفاقی وزیر کھیل اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی ہم منصبوں سے بات کریں تاکہ پاکستان کے باصلاحیت جونیئر کھلاڑیوں کا ایشین چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے کا موقع ہاتھ سے نہ جائے۔

ای پیپر-دی نیشن