بلوچستان: فرائض سے غفلت برتنے پر مختلف اضلاع سے 260 اساتذہ معطل
کوئٹہ (این این آئی) صوبہ بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اپنے فرائص ادا نہ کرنے پر 260 اساتذہ کو معطل کر دیا ہے۔بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم غلام علی بلوچ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ معطل کئے جانے والے اساتذہ ڈیرہ بگٹی، لورالائی اور صوبے کے ضلع پشین سے تعلق رکھتے ہیں۔غلام علی بلوچ نے کہا کہ ضلع لورالائی کے ایک سو ساٹھ اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اساتذہ گزشتہ کئی ماہ سے ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے اور بار بار وارننگ کے باوجود سکول میں تدریس کے لئے نہیں آئے۔غلام علی بلوچ نے کہا کہ میں نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے بلوچستان کے محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر میں پانچ ہزار سے زیادہ گھوسٹ ٹیچر ہیں اور تین ہزار سے زیادہ گھوسٹ سکول ہیں۔