• news

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: احمد شہزاد کی شاندار سنچری ‘ پاکستان نے بنگلہ دیش کو 50 رنز سے ہرا دیاق ملک بھر میں جشن ‘ کل ویسٹ انڈیز سے اہم مقابلہ ہو گا

میرپور (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان نے احمد شہزاد کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کو 50 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کر لی، گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔ احمد شہزاد نے 62 گیندوں پر 111 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ وہ ٹی 20 میں سنچری سکور کرنیوالے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے 10 چوکوں، 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 140 رنز سکور کر سکی۔ شکیب الحسن 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عمر گل نے تین اور سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے اہم میچ میں پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، احمد شہزاد نے آغاز سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور گرائونڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے، بنگلہ دیشی بائولرز انکی طوفانی بیٹنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ شعیب ملک نے 26 اور شاہد آفریدی نے 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، کامران اکمل 9 ، محمد حفیظ 8 اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عبدالرزاق نے دو جبکہ الامین حسین ، شکیب الحسن اور ضیاء الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ شکیب الحسن 38، ناصر حسین 23 ، انعام الحق 18، محمد اللہ اور مشرفی مرتضیٰ 17 ، 17 جبکہ تمیم اقبال 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عمر گل نے تین سعید اجمل نے دو جبکہ ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی فتح پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ نوجوان میچ ختم ہوتے ہی سڑکوں پر آ گئے اور بھنگڑے ڈالے۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ گروپ ٹو کا اہم میچ کل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائیگا جس کے بعد اس گروپ سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن