• news

خیبر پی کے کابینہ میں ردوبدل پر تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت پر ماضی میں وزراء اور مشیروں کی فوج ظفر موج رکھنے کا الزام عائد کرنے والی تحریک انصاف کی کے پی کی کی صوبائی حکومت میں وزیروں، مشیروں اور خصوصی معاونوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ عہدہ نہ ملنے والے ارکان نے وزراء کی تقرری اور محکموں میں ردوبدل کو میرٹ کی منافی قرار دیتے ہوئے  الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ذاتی پسند نہ پسند کی بنیاد پر تبدیلیاں لا رہے ہیں اور صوبائی حکومت میں وزیراعلیٰ  پرویز خٹک کا کردار برائے نام رہ گیا ہے۔ جہانگیر ترین ڈی فیکٹو وزیراعلیٰ کے طور پر تمام اختیارات استعمال کررہے ہیں، ناراض  ارکان نے میرٹ کی خلاف ورزیوں پر پارلیمانی پارٹی اور پارٹی اجلاسوں  میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  کابینہ میں رد و بدل پر تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں شدید اختلاف پیدا ہوگئے ہیں اور بعض ارکان اسمبلی نے کھل کر پارٹی قیادت کے فیصلوں پر تنقید شروع کردی ہے جبکہ قائمہ کمیٹی خوراک کے چیئرمین جاوید نسیم نے تو فیصلوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیکر قیادت کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ ارکان اسمبلی افتخار مشوانی، امجد علی اور امتیاز شاہد نے بھی کابینہ میں ردوبدل پر شدید نکتہ چینی شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن