• news

ڈسپلن کی خلاف ورزی، جسونت سنگھ کو 6 سا ل کیلئے بی جے پی سے نکال دیا گیا

نئی دہلی (این این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے سینئر لیڈر جسونت سنگھ کو پارٹی سے چھ سال کیلئے نکال دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ باڑمیر انتخابی سیٹ کے لیے پارٹی کی جانب سے طے کیے جانے والے امیدوار کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے انھیں پارٹی سے نکالا جا رہا ہے۔جسونت سنگھ کے ساتھ ہی بی جے پی نے ایک دوسرے لیڈر سبھاش مہیریا کو بھی پارٹی سے چھ سال کے لیے نکال دیا۔ سبھاش مہیریا نے بھی راجستھان کی سیکر پارلیمانی سیٹ سے پارٹی کی جانب سے نامزد امیدوار کے خلاف آزاد امیدوار کے طور پر کاغدات نامزدگی داخل کروائے تھے۔پارٹی کے سینئر لیڈر پرکاش جاوڑیکر نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے نامزد امیدوار کے خلاف انتخاب لڑنا بے ضابطگی ہے اور اسی وجہ سے پارٹی نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے جسونت سنگھ کو پارٹی سے نکالا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2009ء  میں انہیں پاکستان کے بانی محمد علی جناح پر کتاب لکھنے اور ان کی تعریف کرنے پر  پارٹی سے نکالا گیا تھا تاہم پھر انھیں جون 2010ء میں پارٹی میں شامل کر لیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن