چھانگا مانگا: لاہور سے کراچی جاتے ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی
چھانگا مانگا (نامہ نگار) ریلوے سٹیشن چھانگا مانگا میں علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں اچانک آگ لگ گئی۔ چھانگا مانگا ریلوے یارڈ میں کام کرنے والے گینگ مینوں نے پانی ڈال کر آگ کو بجھایا۔ علامہ اقبال ایکسپریس لاہور سے کراچی کی طرف جا رہی تھی اور دوسری گاڑی کو گزارنے کیلئے چھانگا مانگا ریلوے سٹیشن پر رکی ہوئی تھی۔ آگ کی اطلاع پا کر پتوکی اور چونیاں سے بھی فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا۔ لاہور سے متبادل انجن منگوا کر علامہ اقبال ایکسپریس کو تین گھنٹے کی تاخیر سے روانہ کر دیا گیا۔ آن لائن کے مطابق انجن میں آگ لگنے پر فائرمین اور ڈرائیور نے چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں۔ ریلوے حکام نے ریلوے انجن کو آگ لگنے اور انجن کی تباہی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔