تھر: مزید 3 جاں بحق، گندم نہ ملنے پر دھرنا، اے ٹی ایم سے آج رقم ملے گی
مٹھی+ اسلام آباد+ حیدر آباد (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ضلع تھرپارکر میں قحط سالی کے باعث مزید 2 بچوں سمیت خاتون جاں بحق ہوگئی۔ چلیہار میں چار سالہ بچہ سنیل کمارو پرماند میگھوار اور تحصیل ہسپتال چھاچھرو میں زیرعلاج 10سالہ بچہ رحمان سمیجو جاں بحق ہوگئے جبکہ سول ہسپتال مٹھی میں 50 سالہ خاتون حلیماں زوجہ اللہ ورایو پنجارو جاں بحق ہو گئی۔ مزید برآں تین ماہ کے دوران غذائی قلت سے ہلاکتوں کی تعداد 224 تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے تھر کے متاثرہ افراد کیلئے جاری کردہ 50 کروڑ روپے اکاؤنٹس میں منتقل ہوگئے۔ ہر خاندان کو 6400 روپے جاری کئے گئے ہیں۔ چالیس ہزار خاندانوں کو ابھی تک گندم نہ مل سکی۔ متاثرہ افراد نے کشمیر چوک میں دھرنا دیا اور ادائیگی کا طریقہ کار شفاف بنانے کا مطالبہ کیا۔ مزید برآں آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے حکم پر ضلع تھرپارکرکے بنکوں میں لگی ہوئی چار اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے تھر متاثرین کو آج پیر کو کسی وقفہ کے بغیر چوبیس گھنٹے امدادی رقوم حاصل ہو سکیں گی۔ وزیراعظم کے حکم پر کراچی اور حیدر آباد سے آج موبائل اے ٹی ایم بھی تھر کے علاقے میں پہنچنے کی توقع ہے جو ضلع کے دور دراز علاقوں میں ننگرپارکر‘ ڈیپلو وغیرہ میں بھیجے جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے لندن کے دورے سے واپسی کے فوری بعد تھر کے متاثرین قحط کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ طلب کی جبکہ وہ آئندہ ہفتے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرینگے۔ مزید برآں حیدرآباد سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ صرف اور صرف تھرمیں پیپلزپارٹی کے لوگوں کیلئے بنائے گئے ہیں جس سے پانچ لاکھ پچاس ہزار لوگوں کے شناختی کارڈ بنے ہیں۔ میرے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقریباً 70 یا 77 ہزار لوگوںکو دیئے گئے ہیں۔ میرا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ امداد تقسیم کرنے والے اس طریقہ کار کو فوری بند کرکے شناختی کارڈ رکھنے والے تمام لوگوں کو برابری کی بنیاد پر امداد دی جائے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور نے کہا کہ تھر کے قحط متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑا جائیگا۔ حکومت نے ہمیشہ غریب نادار افراد کی مدد کی، تھر میں تھر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈرائوٹ پالیسی بنا کر تھر کے مسائل کو حل کر یں گے۔ وہ اتوار کو عمرکوٹ، چھاچھرو ا ور مٹھی میں تھر متاثرین ، این جی اوز اور مقامی قیادت سے گفتگو کر رہی تھیں۔ فریال تالپور نے کہا کہ تھر میں قحط متاثرین کی مدد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔