عمران خیبر پی کے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں‘ کوشش ناکام بنائینگے: سینیٹرز زاہد خان
اسلام آباد (اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ وہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ گذشتہ روز خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیاں ریاست کے قوانین کو مدنظر رکھ کر مذاکرات کرے، اے این پی مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔ سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے کی حکومت نے صوبہ ہزارہ کی قرارداد پاس کر کے پختون دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر پختونوں کے ساتھ دغا بازی کی ہے جو صوبہ کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں، ان کی اس کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔