• news

مشرف خصوصی پروٹوکول سے عدالت پہنچے ‘ججز 15 منٹ لگائے گئے روٹ میں پھنسے رہے‘صحافیوں، وکلا کو بھی پیدل چلنے کی اجازت نہ ملی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+آئی این پی) خصوصی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کی پیشی کے موقع پر ملزم خصوصی پروٹوکول میں کسی رکاوٹ کے بغیر عدالت میں پہنچ گئے، جج صاحبان 15 منٹ تک ملزم کیلئے لگائے گئے روٹ میں پھنسے رہے۔ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی پیشی کے موقع پر  پیر کو راولپنڈی تا اسلام آباد پورے روٹ پر انتہائی سخت حفاظتی  انتظامات کئے گئے تھے۔ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کے اندر ہر طرف سے داخلہ بند تھا، ان سخت انتظامات میں ملزم پرویز مشرف تو کسی رکاوٹ کے بغیر آرام سے عدالت میں پہنچ گئے  تاہم تینوں جج صاحبان عدالت کی طرف آتے ہوئے مشرف کی حفاظت کیلئے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے ریڈ زون میں پھنس گئے اور دس سے پندرہ منٹ تک ان کی گاڑیاں رکی رہیں۔ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے اطلاع ملنے پر ججوں کی راہ  سے رکاوٹیں دور کرائیں۔ مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی، سکیورٹی کے نام پر بدترین  ٹریفک جام کاروبار زندگی  مفلوج، جڑواں شہروں کے عوام شدید پریشانی کا شکار رہے یہاں تک کہ خصوصی عدالت کے دو ججز  کی کاروں کو بھی ’’روٹ‘‘ کے نام پر روک لیا گیا۔  پرویزمشرف جلد  پہنچنے پر گاڑی میں بیٹھ کر خصوصی عدالت کے ججز کا انتظار کرتے رہے۔  خصوصی عدالت تک تقریباً2100  سکیورٹی اہلکار، رینجرز، کمانڈوز، خفیہ اداروں کے افراد تعینات کئے گئے تھے ان کے ہسپتال سے نکلتے ہی وی آئی پی روٹ لگا  تمام متعلقہ روٹس کی ٹریفک بلاک کر دی گئی۔ صحافی، وکلا، سرکاری ملازمین، عام شہری  کو پیدل چلنے کی بھی اجازت نہ تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن