قیدیوں کی رہائی مذاکراتی عمل میں تیزی کا سبب بن سکتی ہے: پروفیسر ابراہیم
واشنگٹن (این این آئی) طالبان کے مقرر کردہ رابطہ کار پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی توسیع پر اتفاق اور باضابطہ اعلان میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ مسائل تو یقینا ہیں جس کی وجہ سے اعلان ابھی تک نہیں ہو سکا ہے تاہم اگر عملاً مذاکرات ہوئے تو جنگ بندی ہی رہے گی اور امید ہے کہ رسمی طور پر اعلان بھی ہوجائے گا۔جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر پروفیسر ابراہیم نے مذاکرات کے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر فائر بندی میں توسیع سے متعلق مسائل کے بارے میں بتانے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی بات چیت کے عمل میں تیزی کا سبب بن سکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ اعتماد سازی کی فضا بحال کرنے کا ایک قدم ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بات تو یہ ہو رہی ہے کہ انہیں چھوڑا جائے جن پر مقدمہ نہیں انہیں تو چھوڑا جا سکتا ہے اگر واقعی ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں۔ دوسروں کیلئے اگر حکومت، استغاثہ سمجھے کہ ان کے خلاف مقدمہ چلانا ٹھیک نہیں تو انہیں عدالت کی اجازت سے چھوڑ سکتی ہے۔