• news

پنجاب بھر میں آج سے سی این جی روزانہ 6 گھنٹے فراہم کی جائیگی

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ آئی این پی) پنجاب بھر میں آج سے 6 گھنٹے یومیہ سی این جی فراہم کی جائیگی۔ یکم اپریل سے سی این جی صبح 10 سے شام 4 بجے تک ملے گی۔ وزارت پٹرولیم اور سی این جی سٹیشنز ایسوسی ایشن کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کے تحت (آج) منگل سے پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشن پورا ہفتہ کھلے رہیں گے‘ معاہدے کے تحت اتوار کو تمام سی این جی سٹیشنز پورا دن جبکہ پیر سے ہفتہ چھ دن صبح دس سے چار بجے تک چھ گھنٹے کھلے رہا کریں گے۔ یہ معاہدہ وزارت پٹرولیم اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان کئی روز سے جاری مذاکرات کے بعد طے پایا۔ دوسری طرف حکومت نے سی این جی سیکٹر پر 26 فیصد ٹیکس عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے ‘ فلنگ سٹیشنز سے 9 فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث عبد اللہ پراچہ نے کہا ہے کہ آج (منگل) تین برس کے بعد پنجاب میںعوام کو دوبارہ ہفتہ بھر سی این جی ملنا شروع ہو جائیگی جس پر ہم وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں جن کی ذاتی کوششوں کے باعث صوبے کے ساڑھے 8کروڑ صارفین اور ساڑھے4ارب روپے کی انڈسٹری کو دوبارہ سانس لینے کا موقع ملا ہے، غیاث عبد اللہ پراچہ نے کہا کہ پنجاب کے2300 سی این جی سٹشنوں کو آج صبح دس بجے سے شام چار بجے تک پیر تا ہفتہ اور اتوار کو صبح 6بجے سے رات12 بجے سے مسلسل 18گھنٹے گیس ملا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن کے اوقات کار کی سختی سے پابندی کی جائیگی اور جو سٹیشن اس کی خلاف ورزی کرے گا اسے ایک ماہ تک بند رکھنے کی سزا دی جائیگی، موسم بہتر ہوتے ہی روزانہ گیس فراہمی کا دورانیہ6گھنٹے سے بتدریج بڑھا کے8اور 10 گھنٹے تک کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن