بھارت کیساتھ تجارت کیخلاف کسان اتحاد کا جلوس پھول نگر میں روک لیا گیا
لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت نے پاکستان کسان اتحاد کے بھارت کے ساتھ تجارت کے خلاف احتجاجی جلوس کو پھول نگر میں ہی روک لیا جس کے بعد سینکڑوں شرکاء نے مین ملتان روڈ پر ہی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کسان رہنمائوں خالد کھوکھر، سردار مراد اور ایوب خان میو نے کہا کہ حکومت کو بھارت سے تجارت کی آڑ میں بجلی امپورٹ نہیں کرنے دیں گے۔ اگر بھارت سے بجلی امپورٹ کی گئی تو سندھ طاس معاہدہ ختم ہو جائے گا اور پاکستان کے باقی ماندہ تین دریا بھی بھارت کے قبضے میں چلے جائیں گے۔ دھرنے کے شرکاء نے ٹھوکر نیاز بیگ سے واہگہ بارڈر تک احتجاجی جلوس نکالنا تھا مگر حکومت نے انہیں پھول نگر سے آگے نہ آنے دیا۔ جس پر وہاں ملتان روڈ پر دھرنا رات گئے تک جاری رہا۔