• news

صوبے ڈالر اور پٹرول سستا ہونے کا فائدہ عوام کو پہنچائیں : وزیراعظم‘ ادویات مہنگی ہونے کا بھی نوٹس

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر اعظم ڈاکٹر نواز شریف نے چاروں وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منتقلی عوام تک یقینی بنانے پر ذاتی توجہ دیں۔ اس کمی کا فائدہ عوام کو ہونا چاہئے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے فائدے کو عوام تک منتقل کرنا ضروری ہے۔ وزیر اعظم ڈاکٹر نواز شریف نے چاروں وزراء اعلیٰ کے نام خط میں مزید کہا ہے کہ برآمدی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پاکستانی روپے کے استحکام کی وجہ سے ہے اور برآمدی قیمتوں کے حوالے سے ڈالر کی قیمت پانچ فیصد کم ہو گئی ہے اس لئے یہ وقت ہے کہ برآمدات کی قیمتوں میں کمی اور ٹرانسپورٹیشن کی مد میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔ ڈالر کی قدر میں کمی سے درآمدات سستی ہوئیں۔ پاکستانی عوام ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی چاہتے ہیں۔ کرایوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے امید ہے کہ نقل و حرکت کے کم اخراجات کے باعث ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئیگی۔ اپنے خط میں وزیر اعظم نے کہا ے کہ ٹرانسپورٹ پر اخراجات کی کمی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ کی ذاتی توجہ سے پاکستانی عوام کو فوری ریلیف ملے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ادویات کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافے کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی ہدایات کے برخلاف رجسٹرڈ ایلوپیتھک ادویہ کی قیمتوں میں 30 فیصد تک اضافے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کو معاملے کی تحقیقات اور اس پر ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 27 نومبر 2013 کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈراپ) نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جان بچانے والی ادویہ کے علاوہ دیگر دواؤں کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافہ کردیا تھا۔ وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے ڈراپ کو اعلامیہ واپس لینے کی ہدایت کی۔ وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ دواؤں کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی دواؤں کی قیمتوں کا جائزہ لے کر ذمہ دار کمپنیوں کیخلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر دواؤں کی قیمتیں بڑھانے پر 18 کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی تاہم ان کمپنیوں نے حکومتی کارروائی پر عدالت سے حکم امتناعی لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن