پٹرول 1.72‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 2.90‘ مٹی کا تیل 5.61 روپے لٹر سستا‘ ایل پی جی کی قیمت بھی 10 روپے کلو کم
اسلام آباد + لاہور (اے پی پی+ نیوز رپورٹر) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی۔ پٹرول کی قیمت میں 1.72 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2.90 روپے، ایچ او بی سی کی قیمت میں 4.66 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5.16 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.61 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف سے وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ملاقات میں کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا ڈالر کی قیمت 98 روپے کے آس پاس ہونے کی وجہ سے درآمدات پر مثبت اثر پڑے گا۔ وزیراعظم نے آج سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی منظوری دی جس کے مطابق پٹرول کی قیمت 110.03 روپے فی لٹر سے کم ہو کر 108.31 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116.75 روپے سے کم ہو کر 113.85 روپے، ایچ او بی سی کی قیمت 141.23 روپے سے کم ہو کر 136.57 روپے، لائٹ ڈیزل 100.22 سے کم ہو کر 95.06 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 106.76 روپے سے کم ہو کر 101.15 روپے ہو گئی۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں10روپے فی کلو کمی واقع ہو گئی جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں480روپے کمی ہو گئی۔ مجموعی طور پر فی ٹن کی قیمت میں 10ہزار روپے کمی واقع ہوئی۔ مارکیٹنگ کمپنیوں نے قیمت میں کمی کر دی ہے۔