• news

ویسٹ انڈیز ٹیم کی کوچنگ فخر کی بات ہے : ثقلین مشتاق

 ڈھاکہ ( آن لائن ) پاکستان کے سابق لیجنڈ آف سپنر اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کی کوچنگ کرنا فخر کی بات ہے ، پاکستان کے پاس بہترین سپنرز موجود ہیں مگر میری ٹیم ویسٹ انڈیز ہے، سعید اجمل کو کور کرنے کے حوالے سے اپنی ٹیم کو ٹپس دے رہا ہوں،ویسٹ انڈیز کے پاس سنیل نارائن جیسے اچھے سپنرز ہیں جن کی وہ عزت کرتے ہیں لیکن پاکستانی ٹیم ورلڈ کلاس سپنرز پر مشتمل ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کی شرٹ پہنے ہوئے ہیں اور ان کا دل و دماغ ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ ہے۔
 یہ ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ دنیاکی ایک بڑی ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی افسوس نہیں کہ ان کی متعارف کرائی گیند’ دوسرا‘ پر اب سوالیہ نشان لگتے رہے ہیں۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ  انہیں خوشی ہوتی ہے جب بولرز ’ دوسرا‘ کرتے ہیں اور ان کا نام لیا جاتا ہے کہ یہ گیند ثقلین نے ایجاد کی تھی۔ قواعدوضوابط کے مطابق باؤلنگ پر نظر رکھنے کی ذمہ داری آئی سی سی کی ہے اور اگر کوئی باؤلر قواعد وضوابط کے مطابق دوسرا اور کیرم بال کرتا ہے تو اس کی تعریف کرنی چاہئے۔پاکستان کے خلاف میچ کے بارے میں ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے سبب اب کسی بھی کرکٹر کی کرکٹ راز نہیں رہی ہے۔پاکستانی ٹیم جس کھلاڑی پر انحصار کرے وہ اس کی مرضی ہے جہاں تک ویسٹ انڈین ٹیم کا تعلق ہے تو انہوں نے اپنے سپنرز سے کہہ رکھا ہے کہ اللہ نیآپ کو دو آنکھیں دی ہیں ایک سے اپنی قوت کو دیکھیں اور دوسری سے حریف ٹیم کی کمزوری پر نظر رکھیں۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پچھلے کئی ماہ سے باؤلنگ کے شعبے کو موثر بنانے کے لیے پاکستان کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کررکھی ہیں جو اس ایونٹ میں بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں اور اپنے باؤلرز کو اپنا وسیع تجربہ منتقل کرنے کیساتھ ساتھ اپنے بیٹسمینوں کو بھی یہ بتاتے ہیں کہ وہ کس طرح حریف باؤلرز کو قابو کرسکتے ہیں۔پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں دو سو آٹھ اور ون ڈے میں دو سو اٹھاسی وکٹیں حاصل کرنے والے ثقلین مشتاق اس سے قبل نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے ساتھ بھی مختصر معاہدے کے تحت کام کر چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے پاس سنیل نارائن جیسے اچھے سپنرز ہیں جن کی وہ عزت کرتے ہیں لیکن پاکستانی ٹیم ورلڈ کلاس سپنرز پر مشتمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن