ٹی 20 ورلڈ کپ: ہالینڈ نے انگلینڈ کو شکست دیدی‘ سری لنکا نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
چٹاگانگ(سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ+مانیٹرنگ ڈیسک +نیوز ایجنسیاں) پانچویں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ ، پول ون کے میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی بے بی ٹیم ہالینڈ نے سابق ٹی ٹوئنٹی چیمپئن انگلینڈ کو 45 رنز سے شکست دیکر تابوت میں آخری کیل ٹھونک کر لندن واپس روانہ کردیا ، پوری انگلش ٹیم88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی‘8انگلش پلیئر دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے‘انگلینڈ کو ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ مہنگا پڑ گیا‘ ہالینڈ کے 134 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم کے بڑے بڑے نام ریت کی دیوار ثابت ہوئے‘12 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر پاکستانی نژاد مدثر بخاری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جنوبی افریقہ تو ہالینڈ سے بچ گئی، بگ تھری کی رکن انگلینڈنہیں بچ پائی ، ذلت آمیز شکست کا داغ ہمیشہ کیلئے لگ گیا ، چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش کپتان اسٹورٹ براڈ نے ٹاس جیت کرڈچ ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ نیدرلینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر 133رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ان کی جانب سے وکٹ کیپر ویسلے باریسی 48اور اسٹیفن مے برگ 39رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے اسٹوورٹ براڈ نے 3جبکہ روی بوپارہ نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے مائیکل لمب اور ایلکس ہال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اسے پہلا نقصان 18 کے مجموعی سکو رپر اٹھانا پڑا اور مائیکل لمب 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہالینڈ کو دوسری کامیابی 19 کے مجموعی سکو رپر ملی اور ایلکس ہال 12 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کو تیسرا نقصان 26 پر ایون مورگن کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 6 سکور بنا پائے۔ ہالینڈ کو چوتھی کامیابی 32کے مجموعی سکور پر اس وقت ملی جب معین علی 3 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے جبکہ انگلش ٹیم کو پانچواں نقصان جوز بٹلر کی صورت میں 42کے مجموعی سکو رپر اٹھانا پڑا وہ 6 رنزبنا کر آئوٹ ہوئے۔ ہالینڈ کو چھٹی کامیابی ٹم برسنن کی صورت میں 52کے سکور پر ملی وہ 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد انگلش ٹیم کی آخری امید روی بوپارہ بھی 74کے مجموعی سکور پر 18رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ ہالینڈ کو ساتویں کامیابی 76 کے مجموعی سکور پر ملی اور کرس جورڈن 14 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ انگلش ٹیم کو نواں نقصان 86کے مجموعی سکور پر کپتان براڈ کی صورت میں اٹھانا پرا وہ 4 سکور بنا پائے۔ اور انگلینڈ کی آخری وکٹ 88 کے سکور پر گری اور ٹریڈ ویل8رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔12 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر پاکستانی نژاد مدثر بخاری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ورلڈ ٹی 20 ویں سری لنکا کم سکور کے باوجود نیوزی لینڈ کو 59 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ سری لنکا کی بیٹنگ کا آغاز پر اعتماد نہیں تھا۔ پہلے 6 اوورز میں سری لنکا صرف 35 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ سری لنکا کی طرف سے جے وردھنے 25، تھریمنے 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے بولٹ نے 3، میک لینگھن نے 2 اور نیشان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو سری لنکن بائولرز نے کمال ہی کر دیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو صرف 60 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیم سن نے 42 رنز بنائے باقی کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں نہیں پہنچ سکا۔ سری لنکن بائولرز میں ہیرتھ نے 3.3 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جو کسی بھی بائولر کی ٹی 20 میں بہترین کارکردگی ہے۔ سنانائیکے نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ہیرتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔