شہباز شریف نے کرائے اور ضروری اشیاء کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کر دی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی طرف سے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو لکھے گئے خط پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموںکو ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ہرممکن ریلیف پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ روپے کی قدر میں استحکام اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک منتقل ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی ایک مربوط پروگرام کے تحت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور کم آمدنی والے افراد کی فلاح کے لئے متعدد پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کے نرخوںکو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںحالیہ کمی سے ہم آہنگ کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک ہر صورت پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل، ٹائون اور ضلع کی سطح پر قائم پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو پوری طرح فعال کیا جائے جبکہ خصوصی مجسٹریٹوں کی ٹیمیں تشکیل دے کر مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فروخت یقینی بنائی جائے، عوام کا مفاد سب سے مقدم ہے۔کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ناجائز منافع خوری کرنے پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میںکمی کو مناسب سطح پر لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے رپورٹ پیش کی جائے، عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کوہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گااور اس ضمن میں منتخب نمائندوں کے ساتھ انتظامیہ کا متحرک اور فعال کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے عوام کی بہت سی توقعات ہیں جن پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا، عوام کو مقرر کردہ نرخوں سے زائد پراشیاء فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے جو عوام کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت میں ملوث ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اورہماراہر قدم عوام کی بہتری کے لیے اٹھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکانزم کے پورے عمل کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ثنا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کیا اور بلدیاتی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ ترک میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان کو وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ٹیلی فون کیا۔ شہبازشریف نے ترک وزیراعظم کو ان کی جماعت اے۔ کے پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔