ٹی20 ورلڈ کپ: بیٹنگ فلاپ، بائولنگ ناکام، پاکستان کو شرمناک شکست، ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں
ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ٹی 20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ فلاٹ اور بائولنگ ناکام رہی اور ویسٹ انڈیز باآسانی پاکستان کو 84رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان کو 167رنز کا ہدف ملا لیکن کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی مقابلہ نہ کر سکا اور پاکستانی کھلاڑی ایک، ایک کرکے آئوٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 17.5اوورز میں صرف 82رنز پر آئوٹ ہو گئی اور یوں پاکستانی ٹیم کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سنتوکی اور آندرے رسل نے 2-2جبکہ بدری اور سنیل نارائن نے 3-3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کے 6کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور 4کھلاڑی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹمپ آئوٹ ہوئے۔ صہیب مقصود، شاہد آفریدی نے 18-18، حفیظ نے 19، سہیل تنویر نے 14رنز بنائے۔ احمد شہزاد اور کامران اکمل صفر پر آئوٹ ہوئے، عمر اکمل اور سعید اجمل نے ایک، ایک سکور کیا، شعیب ملک2، عمرگل 4رنز پر آئوٹ ہوئے،ذوالفقار بابر 3رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کیخلاف سنچری بناکر ہیرو بننے والے احمد شہزاد نے پہلی گیند پر لاپرواہی سے کھیلتے ہوئے آئوٹ ہوکر ٹیم کی بربادی کی بنیاد ڈال دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی ذلت آمیز کارکردگی پر ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے جشن منایا جبکہ میدان میں موجود پاکستانی تماشائی شرمسار ہوتے رہے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 166رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے ابتدائی کھلاڑی زیادہ رنز نہ کر سکے۔ گیل اور سمتھ صرف 22 رنز پر پویلین واپس چلے گئے تاہم سمنز نے 30 رنز بناکر اننگز کو سہارا دیا۔ براوو جب کھیلنے آئے تو 14ویں اوور تک ویسٹ انڈیز صرف 81 رنز پر 5 کھلاڑی گنوا چکی تھی۔ براوو نے طوفانی انداز میں کھیلنا شروع کیا تو صحیح معنوں میں پاکستانی بائولرز کے چھکے چھوٹ گئے۔ براوو نے صرف 26 گیندوں پر 46 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ براوو کے بعد ڈیرن سیمی نے انکی جگہ سنبھال لی۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے حفیظ، تنویر، آفریدی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے اننگز کے دوران 9 چھکے اور 13چوکے لگائے۔ اس نے آخری 5 اوورز میں 82 اور آخری 3 اوورز میں 59 سکور کیا۔ ڈیوائن برادر 46 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ کل پہلا سیمی فائنل ویسٹ انڈیز، سری لنکا کیخلاف کھیلے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6بجے شروع ہو گا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعہ کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائیگا۔