جعلی ڈگری کیس، این اے 108 منڈی بہائوالدین سے کامیاب اعجاز چودھری کی رکنیت بحال کردی گئی
اسلام آباد + منڈی بہائوالدین (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) جعلی ڈگری کیس، سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 108 منڈی بہائوالدین سے کامیاب ہونے والے محمد اعجاز چودھری کو الیکشن ٹربیونل کی جانب سے نااہل قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کردی ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز چودھری کو ان کے مخالف امیدوار ممتاز خان تارڑ کی درخواست پر مبینہ طور پر جعلی ڈگری رکھنے کی وجہ سے نااہل قرار دیدیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کے روز درخواست کی سماعت کی۔ واضح رہے کہ انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی۔