آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات‘ طالبان کیساتھ مذاکرات سے متعلق گفتگو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف گزشتہ روز پی ایم ہاؤس گئے اور وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ بری فوج کے سربراہ کی وزیراعظم ہاؤس آمد ایسے وقت ہوئی جب وزیراعظم ہاؤس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کے لئے دی جانے والی درخواست پر وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے رفقاء سے صلاح مشورہ کر رہے تھے۔ جس کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی وزیراعظم ہاؤس میں موجودگی کو غیرمعمولی اہمیت دی گئی۔ پی ایم ہاؤس نے بری فوج کے سربراہ کی وزیراعظم سے ملاقات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ جنرل راحیل شریف پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت ہیلی کاپٹر میں وزیراعظم ہاؤس آئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی الگ سے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں آئی ایس آئی کے سربراہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم چونکہ اپنے اہم رفقاء سے سابق صدر کی درخواست کے بارے میں صلاح مشورہ کرنے والے تھے اس لئے باور کیا جا رہا ہے کہ ملاقات میں اس حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔