کلمہ چوک: پلازہ میں آتشزدگی، 2خواتین سمیت 6افراد جھلس کر زخمی
لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) کلمہ چوک میں پلازے کی چھٹی منزل پر آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ جبکہ دو خواتین سمیت چھ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کلمہ چوک میں واقع سنچری ٹاور کی چھٹی منزل پر پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی اور آگ نے متعدد دفاتر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھوئیں کے بادل میلوں دور سے دکھائی دیتے رہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، پولیس، فائربریگیڈ، ایدھی و دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی ٹیموں نے عمارت میں پھنسی دو خواتین سمیت 6افراد جو کہ دھویں سے دم گھٹنے اور جھلس کر زخمی ہو چکے تھے، کو باہر نکالا اور طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا، لوگوں کی بڑی تعداد پلازے کے باہر اکٹھی ہونے سے امدادی ٹیموں کو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ یہاں سڑک پر ٹریفک جام ہو گئی۔ امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ علاوہ ازیں پلازہ میں آگ لگنے سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور پلازے میں موجود افراد نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ زخمی ہونے والے ہسپتال میں زیرعلاج افراد میں مدیحہ، سعدیہ جمیل، عباس علی، سعد علی اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں، دو زخمیوں کی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سنچری ٹاور میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے حکام کو آگ پر فی الفور قابو پانے اور ٹاور میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی امدادی سرگرمیوں کیلئے بھجوایا۔مزید برآں ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بھی سنچری ٹاور میں لگنے والی آگ کی 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔ اس ضمن میں ڈی سی لاہور نے تحقیقات کیلئے 7 افسروں پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے۔ کمیٹی میں اے سی ماڈل ٹائون، ضلعی آفیسر ریسکیو 1122، ڈی او (سول ڈیفنس)، محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس کے دو افسران، ایل ڈی اے سے ایک آفیسر اور ڈی او (بلڈنگ) شامل ہیں۔