پنجاب بھر میں ایپکا ملازمین کے مہنگائی کیخلاف، مطالبات کے حق میں دھرنے، ریلیاں
لاہور (سپیشل رپورٹر) ایپکا پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد کی کال پر گذشتہ روز پنجاب بھر میں وزیر خزانہ اِسحاق ڈار کی طرف سے آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین و پنشنرز کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے بیان اور ایپکا قیادت سے و عدوں کے باوجود مطالبات پر عمل نہ ہونے پر احتجاجی ریلیاں اور دھرنے منعقد ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت میں احتجاجی ریلی ناصر باغ سے سول سیکرٹریٹ تک نکالی گئی۔ مظاہرین نے احتجاجی بینرز اور سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لئے بھرپور نعرے بازی کی۔ سیکرٹریٹ کے باہر اور گردونواح میں گھنٹوں ٹریفک جام رہی۔ ریلی کے شرکاء نے وزیراعظم و وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ وفاقی وزیر خزانہ کے بیان کا نوٹس لیں اور روز بروز بڑھتی مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سکیل ریوائز کرتے ہوئے 100 فیصد اضافہ کریں تاکہ سرکاری ملازمین بھی اس مہنگائی کے دور میں اپنے خاندان کی بہتر طریقہ سے کفالت کر سکیں۔ حکومت کی طرف سے یقین دہانی اور وعدے کے مطابق ایپکا کے مطالبات پر تاحال کوئی عملدرآمد نہ ہوا جس کی وجہ سے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مظاہرین سے قائدین نے خطاب کیا جن میں فضل داد گجرمرکزی چیرمین ایپکا پاکستان، لا لہ محمد اسلم مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایپکا (پاکستان)، محمد ظفر اقبال کمبوہ چیئرمین ایپکا پنجاب و صدر اے جی آفس پنجاب، محمد یونس بھٹی صدر ایپکالاہور ڈویژن، مزمل حسین جنرل سیکرٹری ایپکا لاہور ڈویژن لاہور، راشد خان صدر ایپکا یونٹ محکمہ صحت، عرفان منظور کھوکھر صدرایپکا یونٹ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب شامل تھے۔ آخر میں شرکاء ریلی نے وفاقی وزیر خزانہ کا پتلا نذر آتش کیا گیا اور نعرہ بازی کی گئی۔ ریلی جب سول سیکرٹریٹ پہنچی تو چیف سیکرٹری نے ایپکا کے قائدین کو مذاکرات کی دعوت دی جس پر ایپکا کا وفد مذاکرات کے لئے گیا جس پر نمائندہ چیف سیکرٹری نے یقین دہانی کروائی کہ جو سمری چیف منسٹر کے پاس برائے منظوری پیش کی گئی ہے اُس کی جلد منظوری کے لیے ایک نوٹ چیف منسٹر کو بھیجا جائے گا تاکہ ان مطالبات پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جا سکے۔ چیف سیکرٹری کے نمائندے ڈپٹی سیکرٹری (پرسانل) نے مظاہریں میں آکر اعلان کیا جس پر ارشاد چوہدری نے 08 مارچ 2014 ء کو وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر دئیے جانے والے دھرنے کو موخر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب بھر میں ایپکا کے مطالبات کی منظوری تک ہر منگل کے دِن صوبہ بھر کے تمام اضلاع میںقلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی اور مورخہ 22 اپریل کو پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کیا جائے گا۔