لاہور ہائیکورٹ: ڈینگی سے ہلاکتوں پر معاوضہ کی عدم ادائیگی پر حکومت سے جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حکومتی اعلان کے باوجود ڈینگی سے ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ کی رقم ادا نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے کیس کی سماعت کی۔ ڈینگی سے ہلاک ہونے والے مقبول کی بیوہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دو سال قبل اسکے خاوند ڈینگی وبا کی لپیٹ کر آکر جاں بحق ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے انہیں معاوضے کے طور پر پانچ لاکھ روپے کی رقم ادا کرنے کا اعلان کیا۔ حکومتی اعلان کے باوجود انہیں دو سالوں سے رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ڈی سی او لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 32 ہلاک شدگان کی اموات کی تصدیق کیلئے نمونے سی ایم ایچ کو بھجوائے گئے ہیں مگر ابھی تک رپورٹس موصول نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے معاوضہ کی ادائیگی نہیں ہو سکی جس پر عدالت نے ہلاک شدگان کی اموات کی تصدیق کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔