• news

پشاور: پولیس سے جھڑپ، ایک ملزم ہلاک، دوسرا گرفتار، بنوں میں گرلز سکول تباہ

 پشاور+ بنوں+ ہنگو (نیوز ایجنسیاں) درہ آدم خیل میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرا گرفتار کرلیا گیا۔ گزشتہ روز پولیس نے خفیہ اطلاع پر متنی میں ایک گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں پر موجود مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں قتل اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث ملزم رابیل خان کو ہلاک جبکہ اسکے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا۔ مزید برآں ایف آر جانی خیل میں گرلز پرائمری سکول کو بارودی مواد سے تباہ کردیا گیا۔ ایف آر جانی خیل کے علاقہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نعت خان میں نامعلوم افراد نے سکول کے اندر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو گزشتہ رات پھٹ گیا جس سے سکول کی عمارت تباہ ہوگئی۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی۔ دریں اثناء ہنگومیں گھر کے ساتھ نصب بارودی مواد کے زوردار دھماکے سے پورا شہر لرز اٹھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہنگو کے علاقہ علی آبا د میں پیر اور منگل کی درمیانی شب نا معلوم افراد کی جانب سے عبد العزیز ولد سید اللہ قوم شنواری کے گھر کے مین گیٹ کے ساتھ آٹھ کلو وزنی بارودی موادنصب کیا گیاتھا جس کے پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا دھماکے کی آواز دوردور تک سنی گئی شہر کے کئی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے -

ای پیپر-دی نیشن