عالمی بنک نے پاکستان کو ایک ارب 70کروڑ ڈالر دینے پر آمادگی ظاہر کر دی
اسلام آباد (آن لائن) عالمی بنک نے آئندہ پانچ سال میں پاکستان کے لئے نئی حکمت عملی تر تیب دیتے ہوئے زیادہ رقم فراہم کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت رواںماہ عالمی بینک سے ایک ارب ڈالرملنے کی توقع ہے۔وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق مالی سال 2010 سے 2014 کے د وران عالمی بینک کا پاکستان کے لئے مالی پیکج 9 ارب ڈالرز ہے، جبکہ ورلڈ بینک آئندہ 5 سال کے لئے پاکستان کے لئے نئی حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے جسکے تحت اس رقم میں خاطر خواہ اضافے کی تجویزدی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق دوست اسلامی ملک سے ڈیڑھ ارب ڈالر ملنے کے بعد عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے رواں ماہ اپریل میں بھاری رقوم ملنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ عالمی بنک کی طرف سے جلدایک ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے جبکہ عالمی بنک نے پاکستان کو آسان شرائط پر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر آئندہ ماہ فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جس میں سے ایک ارب ڈالر کی بجٹ سپورٹ رواں ہفتے ملنے کی توقع ہے جبکہ داسو ہائیڈل منصوبے کیلئے 70 کروڑ ڈالر بھی اسی ماہ ملنے کا قوی امکان ہے۔