غداری کیس میں حکومت اور پرویز مشرف ڈرامہ کر رہے ہیں: جمشید دستی
اسلام آباد (آئی این پی) مظفر گڑھ سے آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ آئین شکنی کے مقدمہ میں حکومت اور مشرف ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ حکومت واقعی مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانا چاہتی ہے تو 12 ا کتوبر سے شروع کرکے انکے تمام ساتھیوں کو بھی عدالت لائے، غریب عوام کی جان پر سیاست کرنے والوں کو اللہ تباہ کرے، حکومت غریبوں کو بم دھماکوں میں مروا کر ڈالر وصول کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ جمشید دستی نے کہا کہ قانون کی نظر میں تمام پاکستانی برابر ہیں، اگر حکومت پرویز مشرف کو بیرون ملک روانہ کرے گی تو ان قیدیوں سے زیادتی ہو گی جو ملک کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ حکومت مشرف کے مقدمہ سے جان چھڑوانا چاہتی ہے کیونکہ یہ مقدمہ حکومت کے گلے پڑا ہوا ہے۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح موجودہ حکومت بھی بیرون ملک سے ڈالر وصول کر کے اپنے غریب اور معصوم عوام کا خون بہانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اب بھی حکومت عوام کو مروانے کیلئے بیرون ملک سے ڈالر وصول کر رہی ہے۔