• news

مشرف کو بیرون ملک بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں: جمیل اکبر بگٹی

کوئٹہ (آن لائن) نواب محمد اکبر خان بگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل جو سیاسی جماعتیں میرے والد کے قاتل پرویز مشرف کو تختہ دار پر لٹکانے کیلئے جان ہلکان کئے جارہی تھیں اب وہی پرویز مشرف کو ریڈ کارپٹ پر گارڈ آف آنر دیکر بیرون ملک بھیجنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی بلوچستان قوم پر حکمرانوں کی جانب سے ظلم و جبر کا تسلسل اور مزید ضرب کاری ہوگی۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو واپس بیرون ملک بھیجنے کی تیاریاں ہورہی ہیں حالانکہ وہ  میرے والد کے مقدمہ قتل میں نامزد مرکزی ملزم ہیں۔ پرویز مشرف کے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے احکامات بھی جاری کئے لیکن انہیں گرفتار کرنے کی بجائے حکمران سرجوڑ کر بیٹھے ہیں کہ کس طرح انہیں بیرون ملک بھیجا جائے حالانکہ یہی تمام جماعتیں انتخابات سے قبل میرے والد کے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکانے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہمدردیاں سمیٹتی رہیں اور مجھے اس وقت بھی اندازہ تھا کہ یہ بلوچ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک کر بے وقوف بنارہی ہیں۔ میں نے ان جماعتوں کو متنبیہ بھی کیا کہ اپنا ووٹ بنک بڑھانے کیلئے میرے والد کے نام کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکے لہرا کر بلوچ قوم کو دھمکانے والا فوجی جرنیل اپنی ’’کھال‘‘ ادھڑنے کے بعد انتہائی بزدل نکلا جو بلوچوں کو کہتا تھا کہ انہیں ایسا ہٹ کیا جائے گا کہ انہیں پتہ ہی نہیں چلے گا کہ کہاں سے ہٹ ہوئے اب بیچارے کی اپنی حالت یہ ہے کہ اس کا دل بیٹھا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن