وزیراعظم نے وفاقی اداروں ‘ وزارتوں میں عارضی بھرتیوں ‘ کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی پر پابندی ختم کر دی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف نے تمام سرکاری اداروں و وزارتوں میں بھرتیوں پر پابندی اٹھا لی، سرکاری ادارے اور وزارتیں عارضی اورڈیلی ویجز ضروری عملے کو بھرتی کرسکیں گی، مستقل بھرتیوں پر پہلے سے ہی پابندی نہیں تھی ۔ وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے عارضی اور ڈیلی ویجز ملازمین بھرتی کرنے پر پابندی اٹھالی ہے۔ غیر مستقل سٹاف بھرتی کیلئے وزیراعظم آفس سے اجازت کی ضرورت نہیں۔ ترجمان کے مطابق سرکاری ادارے و وزارتیں عارضی و ڈیلی ویجز پر سٹاف بھرتی کرسکیں گی۔ ترجمان کے مطابق مستقل بھرتیوں پر پہلے سے ہی پابندی نہیں تھی۔ دریں اثناء وزیراعظم نے سرکاری اداروں میں کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی پر عائد پابندی اٹھاتے ہوئے محکموں کو کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی اجازت دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں بھرتیوں پر کئی سال پابندی عائد تھی جس کے باعث مختلف محکموں میں ہزاروں آسامیاں خالی پڑی تھیں اور سینکڑوں افراد ایسے ہیں جو کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر ملازمتیں کر رہے ہیں۔ پابندی اٹھائے جانے کے بعد وزارت خزانہ، صنعت و پیداوار، تجارت اور دیگر وزارتوں میں بھی بھرتیاں ہو سکیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے طاہرہ رضا کو فرسٹ ویمن بنک کی صدر اور شاہد غفار کو ایم ڈی ’’این آئی ٹی‘‘ نیشنل انویسٹمنٹ کارپوریشن مقرر کرنے کی منظوری دے دی جبکہ پلاننگ کمشن میں پانچ آزاد ممبران یحیٰی منظور خواجہ کو ممبر آئی ٹی، ملک احمد خان کو ممبر بنیادی ڈھانچہ، نعیم الظفر ممبر سوشل سیکٹر، فہیم الاسلام کو ممبر پرائیویٹ سیکٹر اور سید طاہر اعجازی کو ممبر گورننس تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔