• news

سبسڈی ختم، 200 سے زائد یونٹس استعمال کرنیوالوں کیلئے بجلی مہنگی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) حکومت نے بجلی پر سبسڈی 200 یونٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے کو سبسڈی نہیں ملے گی۔ فیصلے کا اطلاق نئے مالی سال سے ہونے کا امکان ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے نیشنل پاور ٹیرف اور سبسڈی گائیڈ لائن جاری کر دی۔ اس وقت تمام گھریلو صارفین کو بجلی پر سبسڈی مل رہی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی گائیڈ لائنز کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق بجٹ میں مختص سبسڈی کی رقم کسی صورت بڑھنے نہیں دی جائیگی۔ سبسڈی کی رقم ختم ہونے پر مزید رقم مختص نہیں ہو گی۔ دریں اثناء وزارت خزانہ نے بجلی پر سبسڈی کی مد میں وزارت پانی و بجلی کو مزید 10ارب روپے جاری کر دیئے جو کہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سستی بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران وزارت خزانہ بجلی پر سبسڈی کے لئے اب تک وزارت پانی و بجلی کو کل 173 ارب روپے ادا کر چکی ہے جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں بجلی پر سبسڈی کیلئے 220 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن