• news

طالبہ خود سوزی کیس: سپریم کورٹ کا ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے ملزموں کے خلاف کارروائی کے بجائے بے گناہ قرار دینے کے خلاف طالبہ کی ’’خود سوزی‘‘ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت میں پولیس نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس مقدمہ میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت 6 ملزمان گرفتار ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ جس ڈی ایس پی نے اجتماعی زیادتی کے مبینہ ملزمان کی بے گناہی کی رپورٹ پر حتمی دستخط کئے تھے اس کے خلاف بھی دہشت گردی، پولیس آرڈر اور تعزیرات پاکستان کی متعدد دفعات کے تحت ایک نئی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ اس کیس کی سماعت 21اپریل کو لاہور میں کی جائے گی۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ یہ کوئی معمولی کیس نہیں ہے، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے، صوبے کا سب بڑا پولیس افسر اس کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ عدالت نے ملزموں کو تحفظ فراہم کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ مقدمے کی تفتیش کہاں تک پہنچی ہے ؟ انہوں نے بتایا کہ عدالت کے حکم کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے، میں ذاتی طور پر ڈی پی او مظفر گڑھ سے رابطے میں ہوں تاکہ ملزمان کو سزا دلوائی جاسکے۔ تاحال پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری لاہور سے رپورٹ نہیں آئی ہے، جیسے ہی رپورٹ آجائے گی اس کے بعد تفتیش مکمل کر کے عدالت میں پیش کر دی جائے گی۔ انہوں نے عدالت سے مزید دو ہفتوں کی مہلت طلب کی، دوران سماعت آمنہ کی والدہ نظام مائی نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں ملوث پولیس اہلکاروں کی وجہ سے وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں ہمیں انصاف نہیں ملا ملزمان ابھی بھی آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں انصاف کہیں نظر نہیں آرہا ہمیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی بیٹی کا ہمیں بھی اتنا ہی افسوس ہے جتنا آپ کو ہے لیکن اس کیس کی تفتیش صوبے کا سب سے بڑا پولیس افسر کر رہا ہے، یہ کوئی معمولی کیس نہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے، تفتیش مکمل ہونے دیں۔ سپریم کورٹ نے آمنہ کے والدین کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ بے فکر ہو جائیں، آپ کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا۔ کوئی ہاتھ اٹھائے گا تو ہم فوری طور پر اسے طلب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن