• news

وزیراعظم کا سراج الحق کو فون، امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارکباد دی، وزیر داخلہ نے بھی خط لکھا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے سراج الحق کو فون کر کے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کے لئے مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء وزیر داخلہ چودھری نثار نے سراج الحق کے نام مبارک باد کے خط میں قومی معاملات میں جماعت اسلامی کے ہمیشہ مثبت کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جے یو آئی کے حافظ حسین احمد، قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے سراج الحق سے ملاقات کی اور امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ امیر جماعت اسلامی ہند سید جلال الدین عمری نے نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہیں امیر جماعت منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ امیر جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر، عبداللہ وانی، تحریک حریت کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی کی طرف سے بھی سراج الحق کے نام مبارک باد کے خطوط موصول ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن