• news

پنجاب حکومت اور چین میں لوہے کی تلاش کا معاہدہ‘ چنیوٹ سے ہائی کوالٹی کا لوہا ملا تو دنیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگائیں گے: شہباز شریف

لاہور + چنیوٹ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے مابین چنیوٹ، رجوعہ میں لوہے کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے گذشتہ روز چنیوٹ میں تاریخ ساز معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی 10ماہ میں زمین کی تہہ میں موجود لوہے کے معیار اور مقدارکا حتمی تعین کرے گی۔ اس معاہدے سے پنجاب میں ملکی لوہے سے چلنے والی پاکستان کی پہلی سٹیل مل کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف، صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی، پنجاب منرل کارپویشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند، سیکرٹری منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود اور چین کی کمپنی کے حکام اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے معاہدے پر دستخطوں کے موقع پر میونسپل ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کس قدر بدقسمتی ہے کہ ایک طرف ہمارا ملک زیر زمین لاکھوں ٹن قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہو اور دوسری طرف کشکول اٹھائے مارے مارے پھرتے رہیں۔ ہم نے اس روش کو ترک کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھاکر ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ خود کفالت کی منزل حاصل کریں گے اور چنیوٹ کا معاہدہ اس منزل کی جانب اہم قدم ہے۔ آج بڑا تاریخ ساز دن ہے کہ لوہے کے ذخائر نکالنے کے سلسلے میں عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور میں پنجاب حکومت نے لوہے کے ذخائر پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے کسی قانون اور قاعدے کے بغیر اس اہم منصوبے کا ٹھکیہ کوڑیوں کے بھائو ایک پاکستانی کی گمنام امریکی کمپنی کو بغیر ٹینڈروں کے دے دیاجو کہ انتہائی بد قسمتی تھی لیکن ہم نے فراڈ کے اس کیس کی گرفت کی، چوروں اور ڈاکوئوں کو بھگایا اور عدالت نے بھی ملکی مفاد میں فیصلہ دیا۔ اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لئے دن رات کام کیا اور معدنی ذخائر کے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پہلو تہی کرنے والے منرل ڈیپارٹمنٹ کے تین سیکرٹریز کو بھی صوبہ بدر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر عوام کی خدمت سے پہلو تہی کرتے ہیں میں ان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتاکیونکہ جو عوام کی خدمت نہیں کرسکتے وہ ان کے دشمن ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چینی کمپنی سے معاہدہ کرکے چنیوٹ کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد کہتے ہیں کہ پنجاب میں تیل اور گیس کے وسائل نہیں ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے چنیوٹ کی دھرتی میں بے شمار خزانے چھپائے ہوئے ہیں اور چینی کمپنی کو 18ماہ کی بجائے 10ماہ کا ٹارگٹ دیا ہے کہ وہ زمین کی تہہ سے لوہے کی اس دولت کا پتہ چلائیں۔ پیروں فقیروں کی اس دھرتی سے اگر یہ خزانے مل گئے تو پاکستان کی نسلوں کی قسمت سنور سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی سے معاہدہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی جانب اہم قدم ہے اگر لوہے کی ہائی کوالٹی کا خزانہ مل گیا تو اس علاقہ میں دنیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگے گی اور مقامی نوجوان انجینئرز کو نوکریاں ملیںگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر میٹروبس کا منصوبہ چند مہینوں میں مکمل کرسکتا ہوں تو چینی کمپنی کے تعاون سے یہ خزانے بھی چند مہینوں میں باہر لائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے تین چار گہرے دوست ممالک نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے جس میں ایک چین بھی ہے جس نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ چین نے میرے ماہ فروری کے دورہ چین کے موقع پر مختلف منصوبوں کے لئے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیا جو ملکی تاریخ میں بہت بڑا معاشی پیکج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بھی بغیر کسی شرط کے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا تحفہ دیا ہے جو کہ وزیراعظم نواز شریف کی ذات پر سعودی عرب اور شاہ عبداﷲ کا بھرپوراعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے اہلیان چنیوٹ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چینی مہمانوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چنیوٹ فیصل آباد روڈ کی دورویہ تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضلع کے لئے مزید ترقیاتی تحائف دئیے جائیں گے اور وہ لوہے کے ذخائر کے حصول کے اس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ چین کی کمپنی کے ساتھ لوہے کے ذخائر کی تلاش کیلئے طے کئے گئے معاہدے میں میرٹ، شفافیت اور تمام قواعد و ضبوابط کو مد نظر رکھا گیا ہے اور چین کی جس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے اس کا شمار دنیا کی معروف اور بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ شہبازشریف نے صوبائی وزیر منرل ڈویلپمنٹ چودھری شیر علی اور سیکرٹری منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ اس منصوبے کے لئے بہت محنت کر رہے ہیں۔ وزیراعلی نے پنجاب منرل کارپوریشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایٹم بم بنانے میں بھر پور معاونت کی ہے۔ جس طرح انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے لئے تعاون کیا اسی طرح وہ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کی تلاش میں بھی اپنا بھر پور اور موثر کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا کے نمائندے یوجانگ جی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اہلیان چین کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں چائنا کی یہ کمپنی اجنبی نہیں بلکہ 1980سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں شریک ہے۔ اب خام لوہے کی تلاش کے لئے چنیوٹ میں اس کے ثمرات آپ کے سامنے لائیں گے جس کا پنجاب حکومت نے شفاف انداز میں معاہدہ کیا ہے۔ چیئرمین پنجاب منرل کارپوریشن ثمر مبارک مند نے کہا کہ تعلیم کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکنالوجی کا بہتر سے بہتر استعمال ہماری نوجوان نسل کی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ صوبائی وزیر معدنی ترقی چودھری شیر علی نے کہا کہ شہباز شریف کی قابل اعتماد اور متحرک رہنمائی میں چنیوٹ کے اس اہم منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔ لوہے کے ذخائر ملنے پر صوبے اور پاکستان کی معیشت کی حالت بدل جائے گی اور اگلا قدم بڑی سٹیل ملز کے قیام کی طرف ہوگا جس سے لوہے کی صنعت کو فروغ ملے گا۔ تقریب سے ایم این اے قیصر اے شیخ اور ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی آمد اور اس منصوبہ کی پیشرفت میں گہری دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے اے لیول پارٹ ون کے امتحانات میں آئوٹ سٹینڈنگ کیمبرج لرنرز ایوارڈ حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم سردار امیر حمزہ ڈوگر نے گذشتہ روز ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے طالب علم سردار امیر حمزہ کو کیمبرج امتحانات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سردار امیر حمزہ جیسے طلبا پر پوری قوم کو فخر ہے۔ امیر حمزہ نے اپنی محنت، والدین کی دعائوں اور اساتذہ کی بھرپور توجہ کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ بلاشبہ کیمبرج جیسے بین الاقوامی امتحان میں اہم پوزیشن حاصل کرنا ایک اعزاز ہے۔ امیر حمزہ جیسے ہونہار طالب علم پاکستان کا مستقبل اور امید کی کرن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہونہار طالب علم امیر حمزہ کو پین کا تحفہ بھی دیا اور کہا کہ طلبا کو علم کے میدان میں ملک کا نام مزید روشن کرنا ہے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ ملاقات کے دوران سردار امیر حمزہ ڈوگر نے پنجاب حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف علم دوست وزیراعلیٰ ہیں، جنہوں نے تعلیم کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ سردار امیر حمزہ گیریژن اکیڈمی لاہور کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے او لیول کے امتحان میں 9 مضامین میں سے 8 اے سٹار حاصل کئے جبکہ اے لیول پارٹ ون کے امتحان میں 3اے سٹار لئے جس پر کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشن کی جانب سے امیر حمزہ کو آئوٹ سٹینڈنگ کیمبرج لنرنرز ایوارڈ دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن