• news

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا آئندہ سال کیلئے 2 ارب 60 کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے آئندہ مالی سال کے مجوزہ 2 ارب 60 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ارمغان سبحانی، سردار محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سید عمران احمد شاہ، میاں عبدالمنان، عائشہ رضا فاروق، لیلیٰ خان، سید غلام مصطفی شاہ، خواجہ غلام رسول کوریجہ کے علاوہ سیکرٹری قومی اسمبلی، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی کو اس موقع پر رواں مالی سال کے لئے مختص کئے جانے والے بجٹ اور اس کے اخراجات کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دو متوفی ڈرائیوروں کے ذمہ 4 لاکھ 76 ہزار روپے کے ایڈوانس یا قرضے معاف کرنے کی منظوری بھی دی۔

ای پیپر-دی نیشن