انٹیلی جنس بیورو نے انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر دیا
کراچی (این این آئی) انٹیلی جنس بیورو نے کراچی کی سیاسی جماعتوں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست کو اپ ڈیٹ کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سول انٹیلی جنس نیٹ ورک، جو براہ راست وزیراعظم کو اپنی رپورٹس فراہم کرتے ہیں اب تقریباً تیرہ برس کے عرصے کے بعد اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش کررہے ہیں اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے تین سالوں میں ادارے کی تنظیم نو کیلئے سات ارب روپے کے ایک پیکج کا اعلان کیا ۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سو چودہ کروڑ روپے میں سے اب تک پچاس کروڑ کراچی میں جاری آپریشن پر خرچ ہوچکے ہیں۔یہ رقم انٹیلی جنس بیورو کے حکام کو ہتھیار، تکنیکی آلات، کمپیوٹرز اور گاڑیوں کی فراہمی پر خرچ ہوئی۔انہوں نے اسی کے ساتھ کراچی میں آپریشن کے دوران پولیس کی مدد، شدت پسندی، فرقہ واریت اور گینگ وار جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایک انٹیلی جنس ٹیم کا نظام بھی تیار کیا۔اس مقصد کیلئے تقریباً پانچ سو اہلکاروں کو کانسٹیبلز سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے کر انٹیلی جنس بیورو میں بھرتی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئی بی میں بھرتی کئے گئے یہ نئے افراد اس وقت سملی ڈیم اسلام آباد میں تربیت حاصل کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی بھرتیوں کے بعد ادارے میں فورسز کی تعداد اس وقت تقریباً تین ہزار ایک سو کے قریب ہے جس سے صوبہ خیبر پی کے، بلوچستان، فاٹا اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدت پسندی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔