• news

جاپان کا پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشن برائے پناہ گزین کے پروگرام کیلئے 6 ملین ڈالر عطیہ کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی) حکومت جاپان نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین کے پروگرام میں مدد کے لئے چھ ملین ڈالر کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ جاپانی سفارتخانہ کی جانب سے بدھ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے نئے فنڈ سے یو این ایچ سی آر تعلیم، صحت اور 16 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی قانونی مدد کے لئے تعاون مہیا ہو گا۔ پاکستان میں جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا ہے جاپان افغان پناہ گزینوں کی بنیادی ضروریات پر توجہ دے رہا ہے۔ نئی امداد سے پاکستان پر پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کے بوجھ میں کمی آئے گی۔ عالمی معاشرے کے رکن کی حیثیت سے جاپان نے خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ دریں اثناء اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین کے نمائندہ نیل رائٹ نے جاپان کی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کے سلسلے میں یو این ایچ سی آر کی سرگرمیوں کے لئے جاپانی امداد معاون حیثیت رکھتی ہے۔ اس سال حکومت جاپان نے افغان پناہ گزینوں کی مدد کے لئے 15 ملین ڈالر فراہم کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن