مسئلہ کشمیر دنیا کے چھ انتہائی تشویشناک تنازعات میں شامل‘ فوجی طاقت سے کبھی حل نہیں ہو گا : نیشنل جیوگرافک
سرینگر ( آن لائن ) عالمی شہرت یافتہ رسالے نیشنل جیوگرافک نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے چھ انتہائی تشویشناک تنازعات میں شامل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی اور تناﺅ کی سب سے بڑی وجہ یہی 67 سالہ پرانا مسئلہ ہے جسے کبھی بھی فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف خطوں ، ملکوں اور علاقوں میں سیاسی اور ماحولیاتی تغیر و تبادلے کے بارے میںتحقیقات کے بعد رپورٹ شائع کرنے والے بین الاقوامی معیار کے رسالے نیشنل جیوگرافک نے دنیا بھر میں مختلف نوعیت کے تنازعات اور فسادات کا احاطہ کرتے ہوئے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں 150 تنازعات میں شدت ہے۔ 150تنازعات میں سے 6 بڑے تنازعات کو تشویشناک زمرے میں رکھا گیا ہے۔ تنازعہ جموں وکشمیر کو دنیا کے چھ بڑے تنازعات میں شامل قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ اسی 67 تنازعے کی وجہ سے بھارت اور پاکستان نیوکلیائی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے اور پاکستان کی طرف سے 1998ءمیں پہلا ایٹمی تجربہ کرنے کے بعد دونوں ملک باضابطہ طورپر نیوکلیائی ہتھیاروں کی دوڑ میں ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوششوں میں عملاً جڑ گئے ہیں کیونکہ اس سے کئی سال قبل بھارت اپنا پہلا ایٹمی تجربہ کرچکا تھا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب برطانیہ نے 1940ء میں برصغیر سے اپنے دہائیوں پرانے قبضے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو تقسیم ہند اور برصغیر کی آزادی کیلئے مرتب کردہ خاکے میں برطانیہ ایک ایسا تنازعہ پیچھے چھوڑ گیا جو بعد ازاں نہ صرف بھارت اور پاکستان بلکہ اس پورے خطے کیلئے عدم استحکام کا موجب بن گیا۔
مسئلہ کشمیر