عالمی معیشت کی حالت پتلی ہے، صورتحال برسوں برقرار رہے گی: آئی ایم ایف
واشنگٹن (اے این این) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے خبر دار کیا ہے عالمی معیشت کی حالت پتلی ہے۔ معاشی ترقی کی رفتار کئی برسوں تک سست روی کا شکار رہے گی، دنیا کو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی۔ واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹینا لگارڈ نے کہا عالمی معیشت 2008 میں آنے والے اقتصادی بحران کے اثرات سے بڑی بہت حد تک سنبھل گئی ہے لیکن اب بھی اس کی حالت اطمینان بخش نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کرائمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے نتیجے میں ماسکو اور مغرب کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع اور دوسرے سیاسی بحران عالمی معیشت کی شرحِ نمو کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا عالمی رہنماﺅں نے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا کرنے اور دنیا بھر میں معیارِ زندگی بلند کرنے سے متعلق پالیسیاں نہ بنائیں تو بین الاقوامی معیشت کی ترقی کی رفتار سست ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا آئندہ کئی برسوں تک دنیا بھر کی معیشتوں کی شرحِ نمو سست رہنے کی توقع ہے اور اسی باعث بیشتر حلقوں نے اس صورتِ حال کو ”معمول“ سمجھ کر قبول کر لیا ہے۔آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا گزشتہ سال عالمی معیشت کی شرحِ نمو تین فی صد رہی تھی جس میں اس سال اور آئندہ برس کچھ اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف