• news

فرانس کیساتھ تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے: سفیر غالب اقبال

پیرس(صاحبزادہ عتیق سے)  فرانس کے ساتھ باہمی تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے، فرانس کے ساتھ لوکل اور ریجنل کافی معاملات میں سوچ ملتی ہے ، بجلی کے بحران سے نپٹنے کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مختلف ممالک سے توانائی کے معاہدے کئے ہیں۔فرانس میں بسنے والے پاکستانیوں کی خدمت کے لیے سفارتخانہ کے دروازے کھلے ہیں اور انکے مسائل کے حل کے لئے قونصل سیکشن میں بیشتر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان فرانس غالب اقبال نے صحافیوں کے ساتھ ایک پریس بریفنگ میں کیا۔ سفیرغالب اقبال نے کہا کہ اس وقت فرانس کے ساتھ باہمی تجارت 1316ملین ڈالر ہے جس میں پاکستان کی ایکسپورٹ 789ملین ڈالر ہے۔ جی ایس ٹی پلس کا درجہ ملنے سے اس سال زیادہ بہتری کی امید ہے۔فرانس کے ساتھ سیکیورٹی ڈائیلاگ بھی چل رہے ہیں۔ سفیر پاکستان غالب اقبال نے قونصلر سیکشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پبلک ڈیلنگ میں بہت بہتری آئی ہے اور مزید بہتری کے لیے کوشش جاری ہے۔ کم پڑھے لکھے اور ان پڑھ لوگوں کے لیے فوکل ونڈو کا انتظام کیا گیا ہے۔ دو سیمنارز کا انعقاد کیا جس میں فرنچ اسکالرز، ڈپلومیٹس، رائیٹرز، صحافی ، دفاعی ماہرین، ماہرین معیشت اور خارجہ امور کے ماہرین نے شرکت کی اور Pakistan Perceptions and realityجیسے موضوعات پر لیکچر دیئے۔ ہمیں حکومت پاکستان سے بہت واضح احکامات ہیں کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیات دی جائیں اور ملک کے بہتر امیج کے لیے زیادہ سے زیادہ محنت کی جائے۔بریفنگ کے اختتام پر پریس قونصلر طاہر خوشود کی طرف سے پر تکلف لنچ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ڈیفنس اتاشی سید ناصر، سنیئر سفارتکار ڈاکٹر اعجاز، ہیڈآف قونصلر سیکشن عصمت پروین، ہیڈ آف چانسلری عمار امین بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ عتیق الرحمان، چوہدری شبیر بھدر، میر عبدالقدیر، بابر مغل، مرزا خالد بشیر، عمران چوہدری، فیصل شیر، زمان بٹ، روحی بانو، ناصرہ فاروقی، طاہر? سحر اور ناصر? خان بھی موجود تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن