ججز نظر بندی کیس: مشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت پر برہم‘25 اپریل کو2 ضامنوں سمیت طلبی
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں مشرف کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو دونوں ضامنوں سمیت 25؍اپریل کو عدالت طلب کر لیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور ان کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ جب بھی مشرف کو اے ایف آئی سی منتقل کرنا پڑے کر سکتے ہیں۔ سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے میڈکل رپورٹ پر اعتراض کیا اور عدالت سے ملزم سمیت اس کے دونوں ضامنوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی، عدالت نے دونوں ضامنوں کے سمن جاری کر دیئے، ملزم پرویز مشرف کی ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔