سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ: فلپائن کو شکست‘ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ریوڈی جنیرو (سپورٹس ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) برازیل میں جاری سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان فلپائن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ۔ پاکستان اور فلپائن کے درمیان کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں مقابلہ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر تھا۔ دونوں ٹیمیں فاضل وقت میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور مقابلہ ایک بار پھر ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان نے پنلٹی ککس پر فلپائن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم میں شامل بیشتر بچوں کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے۔ برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جاری سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانی بچوں نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ ڈرا کیا، پاکستان نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن بھارت کو تیرہ، صفر سے آؤٹ کلاس کیا۔ پھر کینیا کو دو گول سے شکست دی اور تیسرے میچ میں موریطانیہ کو تین صفر سے ہرایا جبکہ امریکہ کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستانی بچے اب تک ٹورنامنٹ میں انیس گول کر چکے ہیں اور پاکستان کے خلاف صرف امریکا کی ٹیم نے ایک گول کیا۔