ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کو شکست‘ انگلینڈ فائنل میں‘ کل آسٹریلیا سے مقابلہ ہو گا
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک+اے پی پی) چوتھے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری بار فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کیا۔ اینیا شربسول میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم 19.5 اوورز میں 101 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ چلوئی ٹرائون 40 اور مگنن دو پریز 23 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ اینیا شربسول اور ریبیکا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے ہدف 17 ویں اوور کی آخری گیند پر ایک کھلاڑی کے نقصان پر حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سیرا ٹیلر 44 اور ہیتھر نائٹ 21 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں کل فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل ہوں گی۔ آسٹریلوی ٹیم ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے سے ایک قدم دوری پر ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔