• news

گورنرسٹیٹ بنک آف پاکستان سپرسیریز کرکٹ ٹورنامنٹ ......پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک نے جیت لیا

 حافظ محمد عمران
گورنرسٹیٹ بنک آف پاکستان سپرسیریز کرکٹ ٹورنامنٹ 2013ءکی فاتح پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ نے 2014ء کا ٹورنامنٹ یو بی ایل کراچی کو ہرا کر اپنا اعزاز برقرار رکھا ٹورنامنٹ میں11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ جس کے 2 گروپ بنائے گئے گروپ اے میں سٹیٹ بنک کراچی‘ لاہور‘ ملتان نیشنل بنک لاہور اور مہران بنک کوئٹہ شامل تھیں جبکہ گروپ بی میں بنک الفلاح راولپنڈی‘ یوبی ایل کراچی‘ سٹیٹ بنک کوئٹہ ‘ بنک الحبیب ملتان اور پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کی ٹیم شامل تھیں۔ اپنے اپنے گروپس میں جیتنے کے بعد ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل گروپ اے میں سٹیٹ بنک آف پاکستان لاہور اور یوبی ایل کراچی اور گروپ بی میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ بنک لاہور کو ہرا کر فائنل میں پہنچا ٹورنامنٹ کا فائنل باغ جناح جمخانہ گراﺅنڈ میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ اور یو بی ایل کراچی کے درمیان کھیلا گیا جو پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت لیا۔ گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان محمود اشرف وتھرا فائنل میچ کے مہمان خصوصی جبکہ سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب علی طاہر‘ صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ سید طلعت محمود‘ چیف منیجر سٹیٹ بنک لاہور مختلف بنکوں کے ایگزیکٹوز اور کرکٹ شائقین کی بھاری تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جیتنے والی پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کی کرکٹ ٹی کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور وننگ ٹرافی جبکہ رنر اپ یو بی ایل کراچی ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد اور رنر اپ ٹرافی دی گئی۔ کوآپریٹو بنک کے کپتان طارق محمود نے مہمان خصوصی سے نقدی اور ٹرافی وصول کی۔ گورنر سٹیٹ بنک‘ سیکرٹری کوآپریٹو ‘ صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ نے پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کی کرکٹ ٹیم کو دوسری بار فائنل جیتنے پر مبارکباد دی۔ بعد ازاں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ انتظامیہ نے اپنی ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کی۔ رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ہارون رفیق اور صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر سید طلعت محمود اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے سٹیٹ بنک آف پاکستان اور اپنے ادارے کی جانب سے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور جمعہ خان کو پلیئر آف ٹورنامنٹ کا خصوصی کیش انعام بھی دیا۔ رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب نے اس موقع پر کھلاڑیوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بنک انتظامیہ جس طرح کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ جیتنے پر انعامات سے نواز رہی ہے اس طرح بنکنگ کے شعبہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے بنک اور کرکٹ ٹیم کی مزید کامیابیوں کے لئے بھی دعا کی۔ صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر بنک سید طلعت محمود نے کہا کہ ہمارے ادارے اور بالخصوص میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میرے دور میں ہماری ٹیم نے دوسری بار یہ اہم ٹورنامنٹ جیتا اور مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ 2015ء کا ٹورنامنٹ جیت کر بنک ہیٹرک مکمل کرے گا۔ بنک کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
پاکستان میں کرکٹ ہی ایک ایسا کھیل ہے جو قوم کو خوشیاں دے سکتا ہے۔ بنک کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے جس طرح اپنی ٹیم کو کامیاب کرایا ہے امید ہے کہ مستقبل میں اس بنک کے کھلاڑی پاکستان ٹیم کی بھی نمائندگی کر سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن