جیل کی گاڑیوں پر حملو ں کے خدشات ہیں :حساس ادارے
کراچی (کرائم رپورٹر) حساس ادارے نے سٹی کورٹ پر دہشت گردی کی کارروائی اور قیدیوں کو چھڑانے کیلئے جیل کی گاڑیوں پر بھی حملے کا خدشہ ظاہر کردیا، حکام نے فوری طور پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک حساس ادارے نے اعلی حکام کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دہشت گرد سٹی کورٹ پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں جس کا مقصد اپنے قیدیوں کو چھڑانے کے ساتھ خوف و ہراس پیدا کرنا ہوگا۔ مراسلے میں مزید بتایا کہ دہشت گرد اس پلان پر بھی ریکی اور منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ اپنے قیدیوں کو چھڑانے کے لیے جیل سے آنے والی گاڑیوں پر راستے میں حملہ کیا جائے کیونکہ گاڑیوں میں صرف چند اہلکار حفاظت پر مامور ہوتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مراسلہ موصول ہوتے ہی حکام نے ساؤتھ زون پولیس کو سخت ہدایت دی ہیں اور کہا ہے کہ سٹی کورٹ کی حفاظت کے ساتھ دیگر ضروری امور کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔