نجی چینل ملکی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھیں‘ ڈی ٹی ایچ کی سمگلنگ روکی جائے: ذیلی کمیٹی
اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی نے کہا ہے کہ نجی چینل ملکی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھیں۔ میڈیا کے رول کو مضبوط کرنا چاہیے جبکہ پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے کہا ہے کہ ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) کی سمگلنگ عروج پر ہے‘ 50 لاکھ گھروں میں ڈی ٹی ایچ نصب ہو چکا جس پر پاکستانی چینلز کی نشریات نہیں دکھائی جا رہیں۔چیئرمین پی بی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ پی بی اے نے 2009ء میں حکومت کی درخواست پر سیلف ریگولیٹڈ کوڈ آف کنڈکٹ منظور کیا جس کی منظوری پی بی اے بورڈ سے لی گئی۔ ‘ اطلاعات تک رسائی نہیں دی جائیگی تو افواہ سازی کو فروغ ملے گا‘ میڈیا نے اپنا ضابطہ اخلاق خود تشکیل دیدیا ‘ عمل درآمد میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی عارفہ خالد پرویز کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس کے 8 ارکان میں سے ا یک نے بھی شرکت نہیں کی۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات ڈاکٹر نذیر سعید‘ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری محمد اعظم‘ چیئرمین پیمرا چوہدری رشید‘ ممبر پیمرا پرویز راٹھور‘ ڈی جی پالیسی پیمرا اشفاق جمانی‘ چیئرمین پی بی اے شیخ مسعود حسن‘ میاں عامر‘ ارشد زبیری‘ طاہر اے خان سمیت نجی ٹی وی چینلز کے مالکان اور نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرمین پی بی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ پی بی اے نے 2009ء میں حکومت کی درخواست پر سیلف ریگولیٹڈ کوڈ آف کنڈکٹ منظور کیا جس کی منظوری پی بی اے بورڈ سے لی گئی۔ عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے تاہم عملدرآمد کا کام لمبا ہے۔ ریٹائرڈ ججوں کو اس کمیٹی میں شامل کرنا ہے جنہوں نے عملدرآمد کی نگرانی کرنی ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ ڈی ٹی ایچ کی روک تھام اور میڈیا ہائوسز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ وزارت اطلاعات و نشریات ‘صوبائی حکومتوں ‘ کسٹم‘ ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ڈی ٹی ایچ کی سمگلنگ کو روکے۔ ایک موقع پر جب کنونیئر کمیٹی نے کہا کہ میڈیا اپنا ضابطہ اخلاق بنا لے جس پر ارشد زبیری نے کہا کہ طالبان کو بھی کہیں کہ وہ اپنا ضابطہ اخلاق بنالیں۔