نیب پر اعتماد نہیں، احتساب کا صوبائی نظام لارہے ہیں: پرویز خٹک
کراچی(اے پی اے + این این آئی) کراچی میں خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انکی حکومت کو قومی احتساب بیورو پر اعتماد نہیں اس لئے صوبائی حکومت احتساب کا اپنا نظام لارہی ہے جس میں چوروں اور لٹیروں کیلئے عرصہ حیات تنگ ہوجائیگا۔ بینک آف خیبر میں اسلامک بینکنگ کے دس سال مکمل ہونے پر کراچی میں تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خطاب میں بتایا کہ صوبائی احتساب کمشن نہ وزیراعلیٰ کے ماتحت ہوگا اورنہ ہی اس میں وزیر اعلی کوئی تقرری کرسکے گا۔ نئے قانون پر دو ماہ میں کام شروع ہوجائیگا۔پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پی کے اسمبلی نے قانون منظور کیا ہے جو سیاستدانوں اور سرکاری ملازمین کو منصب سے فائدہ اٹھانے سے روکے گا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں تیس فیصد ترقیاتی فنڈ اور زیادہ تر اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل کردیے جائیں گے۔